شہر شہر

گجرات، قصور ، وزیر آباد و دیگر شہروں کی خبرین وہ بھی ایک کلک پر

گجرات (جی پی آئی) سٹیزن فرنٹ سٹی گجرات کے وفد نے گجرات میں لوکل صحافت کے بانی راجہ طارق محمود کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے صاحبزادے راجہ تیمور طارق صدر گجرات پریس کلب سے اظہار افسوس کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وفد کی قیادت سٹی صدر شیخ عرفان پرویز نے کی جبکہ وفد میں ڈاکٹر رزاق احمد غفاری، عمر شریف قادری، خاور بشیر بٹ، طارق جاوید بٹ، و دیگر شامل تھے۔

گجرات (جی پی آئی)سٹیزن فرنٹ سٹی گجرات کے صدر شیخ عرفان پرویز، خاور بشیر بٹ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری، سید مزمل شاہ و دیگر نے مشترکہ تعزیتی بیان میں ڈاکٹر اعجاز بشیر کے والد محترم الحاج محمد بشیر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

گجرات (جی پی آئی) راجہ طارق محمود ایک درویش اور محنتی صحافی تھے انہوں نے گجرات میں لوکل صحافت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ان خیالات کا اظہار چیف ایڈیٹر جی پی آئی ڈاکٹر رزاق احمد غفاری نے راجہ طارق محمود کی وفات پر منعقدہ تعزیتی اجلاس کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ راجہ طارق محمود جیسے افراد صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں جنہوں نے صحافت کو نئے اسلوب سے روشناس کیا اور ان کے شاگر آج دنیا بھر میں صحافت کا نام روشن کر رہے ہیں۔ عامر چوہدری نے کہا کہ راجہ طارق محمود ایک تحریک کا نام تھے جو ہمیشہ دوستوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہوتے تھے اللہ تعالیٰ نے انہیں وسیع القلبی عطا کی تھی۔ یاسر وریاء نے کہا کہ راجہ طارق محمود بلا شبہ ایک نفیس انسان تھے جو ہمیشہ دوستوں کو بہتری کی طرف راغب کرتے تھے اجلاس میں دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔

گجرات (جی پی آئی)گجرات میں موسم میں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے سردی میں یکدم اضافہ ہوا ہے جس سے ناک کان اور گلے کے امراض پیدا ہو رہے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں اور بوڑھوں کو سردی کی شدت سے بچایا جائے ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر امتیاز خالق چائلڈ سپیشلسٹ کلفٹ ہسپتال نے کیا انہوں نے کہا کہ شدید سردی کی وجہ سے چھاتی کے امراض میں بھی اضافہ ہوتا ہے ایسے میں بچوں اور بزرگوں کو سردی کی شدت سے بچانے کے ساتھ ساتھ گرم اشیاء کا استعمال زیادہ کیا جانا چاہیے تا کہ سردی سے محفوظ رہا جا سکے۔

گجرت (جی پی آئی)حسینیہ ٹرسٹ گجرات کے وفد نے سرپرست اعلیٰ میر الطاف حسین جعفری کی قیادت میں راجہ طارق محمو د کی نماز جنازہ میں شرکت اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔ وفد میں صدر حسینیہ ٹرسٹ پروفیسر سرفراز حسین جعفری، سید الطاف عباس کاظمی، میر ثقلین اکبر و دیگر ممبران شامل تھے، وفد کے اراکین نے راجہ طارق محمود کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

گجرات (جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں سالانہ آرٹ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، سکول کے وسیع ترین میدان میں وائس پرنسپل مسز شازیہ شہزاد کی زیر نگرانی یہ مقابلہ جات منعقد ہوئے، ہر طرف ننھے منھے بچے ہاتھوں میں برش پکڑے کاغذوں پر رنگ بکھیربچوں کی تفریح کیلئے میوزک کا انتظام بھی کیا گیا اور گراؤنڈ کو خوبصورت رنگ رنگ جھنڈیوں اور آرٹ کے نمونہ جات سے سجایا گیا، بچوں نے جو پھول کاغذوں پر بنائے وہ قدرتی پھول دکھائی دے رہے تھے بچوں نے جھونپڑی، بحری جہاز، صحرا، جنگل، چڑیا گھر، موسمی تبدیلیوں اور شہری و دیہاتی زندگی کے حوالہ سے مقابلہ جات میں حصہ لیا اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مسز شازیہ شہزاد نے کہا کہ بچوں میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہمارا مقصد ہے اور اس سلسلہ میں دن رات بچوں کی راہنمائی کا سلسلہ جاری ہے تا کہ ہمارے بچوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہو اور وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر راج کر سکیں بچوں کیلئے یہ خوبصورت اور یادگار دن تھا جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

گجرات (جی پی آئی) ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سٹیزن فرنٹ سٹی گجرات طارق جاوید بٹ نے کہا ہے کہ سٹیزن فرنٹ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے دن رات کام کر رہی ہے اور ضلعی و سٹی صدور کی قیادت میں سٹیزن فرنٹ کے تمام عہدیداران اپنی اپنی سطح پر کام کر رہے ہیں اور ہم معاشرہ کو فلاحی اور رفاعی بنانے میں اپنا کردار احسن طریقہ سے سرانجام دینگے معاشرتی برائیوں کے خاتمہ کے سلسلہ میں ہم نے مہم کا آغاز کیا ہے تا کہ غریب طبقہ کو بھی جینے کا حق مل سکے، سٹی گجرات کے زیر اہتمام گجرات میں عنقریب مہم کا آغاز کیا جائے گا کہ فوتگی کے موقع پر سادگی اپنائی جائے خصوصاً کھانے میں مہنگے اشیاء کا خاتمہ کیا جائے اور سادی روٹی سے مہمانوں کی تواضع کی جائے تا کہ غریب لوگوں پر بوجھ نہ پڑھ سکے کیونکہ ایک طرف تو کسی کا بھائی، بیٹا، یا کوئی عزیز فوت ہوتا ہے تو دوسری طرف اسے کھانے کے نام پر لاکھوں روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں یہ معاشی بوجھ ختم ہونا چاہیے تمام طبقے ہمارے سلسلے میں بھرپور ساتھ دینگے۔

گجرات (جی پی آئی) دوسری سالانہ محفل ذکر غوث الوریٰ 13دسمبر بروز جمعتہ المبارک بعد از نماز عشاء جامع مسجد میاں عبدالستار محلہ حسن پور ہ میں منعقد ہو گی۔ جس کہ زیر سرپرستی ممتاز روحانی شخصیت حضرت صاحبزادہ پیر قاری عامر رضوان قادری رضوی ضیائی سجادہ نشین آستانہ عالیہ قادریہ نقشبندیہ منعقد ہو گی اس عظیم الشان محفل کی صدارت حضرت صاحبزادہ پیر سید کلمتہ اللہ شاہ آستانہ عالیہ کیرانوالہ سیداں کرینگے خصوصی خطاب ممتاز عالم دین حضرت علامہ قاری علی عباس قادری آستانہ عالیہ کیرانوالہ سیداں شریف اور حضرت علامہ احمد رضا قادری اشرفی کرینگے، جبکہ تلاوت کلام پاک کا شرف قاری محسن رضا قادری حاصل کرینگے۔ یہ محفل زیر نگرانی حافظ القاری صاحبزادہ احمد رضا گل قادری رضوی ضیائی منعقد ہو گی خصوصی نعت شمس تبریز قادری صاحب لکھو، محمد سفیان علی قادری، حافظ عمران نصیر عطاری کھوجیانوالی، صاحبزادہ پیر قاری ولایت علی قادری، محمد علی سیفی پیش کرینگے نقابت کے فرائض عالمی شہرت یافتہ شخصیت خاور بشیر بٹ گولڑوی سرانجام دینگے۔ مہمان خصوصی چوہدری سہیل اجمل گل ریٹائرڈ آفیسر محکمہ زراعت اور چوہدری شعیب عمران گل ہونگے یہ محفل ٹھیک 7بجے شروع ہو گی، اور 12بجے دعا کی جائیگی، قاری احمد رضا گل کی قیادت میں انتظامات کو ختمی شکل دی جا رہی ہے۔

گجرات (جی پی آئی) حضور اکرم ﷺ کی مدح بیان کرنا بڑی سعادت کی بات ہے اور مقابلہ حسن نعت میں طلباء و طالبات نے جس انداز میں حضور اکرم ﷺ کی مدح بیان کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی ان خیالات کا اظہار جنرل منیجر این ایچ اے پنجاب چوہدری شفاقت زبیر وڑائچ نے دی ایگزا سکول میں سالانہ مقابلہ حسن نعت و مقابلہ حسن قرات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی مدح خوش قسمت ہی بیان کر سکتے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ اس بات کی توفیق عطا کرتا ہے، دی ایگزا سکول سسٹم کا سٹاف اور طلباء و طالبات کی شاندار مقابلہ حسن قرات و نعت کے انعقاد پر مبارک باد کے مستحق ہیں ممتاز نقیب محفل خاور بشیر بٹ گولڑوی نے کہا کہ مقابلہ حسن نعت کے دوران طلباء و طالبات نے جس انداز میں تلفظ کے ساتھ نعت پیش کی ہے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں اور اساتذہ نے بچوں کی بہترین تربیت کی ہے۔ میں ایگزا سکول کی انتظامیہ کو اس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں نائب صدر سٹیزن فرنٹ رانا ثاقب مشرف ناز نے کہا کہ میں سٹیزن فرنٹ سٹی گجرات کے عہدیداران کی طرف سے دی ایگزا سکول کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ جس انداز میں بچوں کی تربیت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں ہمیں چاہیے کہ ہم طلباء کی بہترین راہنمائی کا سلسلہ جاری رکھیں تا کہ طلباء بہترین شہری بن سکیں، یاسر وڑائچ ڈائریکٹر دی ایگزا سکول سسٹم نے کہا کہ دی ایگزا سکول بچوں کی بہترین راہنمائی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تا کہ مستقبل میں اچھے شہری بن سکیں اور دی ایگزا سکول سسٹم میں کردار سازی پر بھرپور توجہ دی جاتی ہے۔اس موقع پر اہم شخصیات موجود تھیں۔

گجرات (جی پی آئی) دی ایگزا سکول سسٹم گجرات کے زیر اہتمام انٹر کیمپسز مقابلہ حسن نعت، حسن قرات اور تقاریر کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی جنرل منیجر این ایچ اے چوہدری شفاقت زبیر ایڈووکیٹ تھے، دیگر مہمانوں میں خاور بشیر بٹ گولڑوی، رانا ثاقب مشرف ناز، عمر شریف قادری و دیگر شامل تھے مقابلہ حسن نعت، جونیئر سیکشن میں اول عبدالرحمن، دوئم موسیٰ علی رضا، سوئم فاطمہ، سینئر سیکشن میں اول شمرہ سعود، نعمان علی، اریج فاطمہ، مقابلہ حسن قرات سینئر سیکشن میں ریحان اول، زمار دوئم، محمد ساحل سوئم، جونیئر سیکشن میں شافع اول، ہمنہ دوئم، علی حمزہ اور زوہیب سوئم رہے، انگلش تقریری مقابلہ میں زین العابدین اول، ردا نواز اول، ہمنہ رفع دوئم، مناہل غفور سوئم جبکہ جونیئر سکیشن میں اول پوزیشن علیشا اجمل اور قدسیہ مظہر دوئم، لائبہ سحر جبکہ سوئم اریام فاطمہ اور بسمہ رہیں، مہمانانِ گرامی نے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔

گجرات (جی پی آئی) اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھارتی لوک سبھا کے متنازعہ شہریت بل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہونیت کی طرح مودی کی ہندوتوا اپنی انتہاکو پہنچ چکی، بھارتی لوک سبھا کا متنازعہ بل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سمیت بھارتی نام نہاد سیکولر ریاست کے منہ پر طمانچہ ہے، قومی اسمبلی کی متفقہ مذمتی قرارداد لائق تحسین، لیکن او آئی سی کا اجلاس بلا کر متنازعہ بل کے خاتمے کیلئے سفارتی محاذ پر اقدامات طے کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی لوک سبھا کے متنازعہ شہریت بل کی منظوری پر اپنے ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی مودی سرکار اب مکمل طور پر کھل کر سامنے آچکی ہے، ہندوتوا کا انتہاء پسندانہ نظریہ اب ڈھکا چھپا نہیں جس پر خود بھارتی اپوزیشن، سنجیدہ صحافتی حلقے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نکتہ چینی اور تنقید کررہے ہیں، بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی، بھارتی حیدر آباد دکن سے تعلق رکھنے والے بھارتی رکن پالیمنٹ اسد الدین اویسی،سابق مرکزی وزیر ششی تھرورنے بھی لوک سبھا میں متنازع سیٹزن شپ ترمیمی بل کی بھر پور مذمت اور مخالفت کی ہے جب کہ دوسری جانب متنازع قانون سازی کیخلاف بھارت کے اندر سے عوام کی طرف سے آوازیں اٹھنے لگیں اور کئی شہروں میں مظاہرین نے ہنگامہ آرائی کی، آسام، منی پور، تریپورہ، بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں سمیت دیگر مختلف ریاستوں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اورسڑکیں بلاک کر دیں جبکہ بھارتی حکمران بھارتی جنتا پارٹی کے اتحادی اکالی دل نے بھی بل میں مسلمان تارکین وطن کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھاکہ بھارتی حکومت کے اس رویے نے اس کے منہ سے نام نہاد سیکولرریاست کا چہرہ بھی بے نقاب کر دیا اور قائد اعظم کی دو قومی نظریہ کی تھیوری کو آج وہ بھی ماننے پر مجبور ہیں جو ماضی میں مخالفت کر تے رہے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کو اب خواب غفلت سے جاگ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جس کا بنیادی منشور ہی مسلم معاشرتی امور اور نظریہ کا تحفظ اور امہ کو متحد کرنا ہے، اگر ایسے سنگین معاملات پر بھی او آئی سی خاموش رہی تو اُمت مسلمہ کا اعتماد کھو بیٹھے گی اور اس کی رہی سہی حیثیت بھی ختم ہوجائیگی۔علامہ سید ساجد علی نقوی نے قومی اسمبلی سے منظور کردہ متفقہ مذمتی قرارداد کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہاکہ صرف قومی اسمبلی سے قرارداد کافی نہیں حکومت او آئی سی کا اجلاس بلا ئے جسمیں متنازعہ سیٹزن شپ ترمیمی بل کے خاتمے کے لئے ٹھوس سیاسی و سفارتی اقدامات طے کئے جائیں اور ان پر عمل درآمد کے ذریعے اس بل کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے، اور اس کے ساتھ کشمیرو فسلطین پر بھارتی و اسرائیلی مظالم بند کرانے اور مسائل کو حل کرانے کیلئے ٹھوس و عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما اور پی پی 68 سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر پیر محمد محفوظ مشہدی نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلاء گردی کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمے کے اندراج اور واقعہ کے ذمہ داروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیاہے۔ کارکنوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وکلاء گردی ناسور کی شکل اختیار کر گئی ہے۔ اگر دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے تو وکلاء کے بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کو حکومت روکنے میں ناکام کیوں ہے؟وکلا نے اس سے پہلے ججوں، ڈاکٹروں، صحافیوں اور سائلین پر بھی تشدد کرکے جہالت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ماضی میں وکلا ملک کا تعلیم یافتہ طبقہ ہواکرتا تھا مگر اب تشدد کے واقعات سے لگتا ہے کہ اب جاہل لوگ وکلا بن رہے ہیں،جنہیں کسی کا احترام اور نہ اخلاقیات ان کے قریب سے ہوکر گذری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اور وکلا رہنماؤں کو پی آئی سی کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حملہ آوروں کو گرفتارکرنا چاہیے، ورنہ ثابت ہوگا کہ ملک میں انارکی اور مفلوک الحالی کا راج اور جنگل کا قانون نافذ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عظمی اختر چغتائی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر قائم کی جانیوالی ضلع گجرات کی 5ماڈل کورٹس نے یکم نومبر سے 7دسمبر تک 2984 مقدمات کا فیصلہ سنایا ہے، ضلع گجرات میں ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 11ہزار سے زائد کیسز نمٹائے جاچکے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیشن جج نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اور بھرپور معاونت پر ماڈل کورٹس کے ججز، مجسٹریٹس، سٹاف، پولیس، پراسکیوشن ڈیپارٹمنٹ، ڈسٹرکٹ بار ایسویسی ایشن کے صدر کو تعریفی اسناد سے نوازا، خصوصی عدالتوں کے ججز محمد شبیر، اصغر علی، نوید احمد، ماڈل کورٹس کے ججز ایڈیشنل سیشن ججز صائمہ حسنین، میر مختار گوندل، شہباز اقبال تارڑ، ماڈل ٹرائل کورٹس مجسٹریٹس عمران شیخ، شعیب عدیل، عامر نذیر اعوان، عبدالقدیر بٹ، ڈسٹرکٹ پبلک پراسکیوٹر بابر جاوید ڈار، ایس پی انوسٹی گیشن غلام مصطفی گیلانی، صدر بار شمشاد اللہ ملہی ایڈووکیٹ، ممبر پنجاب بار اورنگزیب مرل ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عظمی اختر چغتائی نے بتایا کہ ماڈل سیشن کورٹ کے جج امیر مختار گوندل نے یکم نومبر سے 7دسمبر تک قتل کے 16مقدمات، منشیات کے 68کیسز کا فیصلہ سنایا ہے، ضلع گجرات میں اب منشیات کا کوئی بھی کیس زیر التواء نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل سیشن جج شہباز اقبال تارڑ اور صائمہ حسنین نے یکم نومبر سے 7دسمبر تک سول اپیل، متفرق درخواستوں، فیملی اپیلز سمیت 383کیسز نمٹائے ہیں، ماڈل ٹرائل مجسٹریٹ عبدالقدیر بٹ نے اسی دوران 1466کیسز کا فیصلہ کیا ہے اور وہ پورے پاکستان میں دوسرے نمبر پر ہیں، ماڈل ٹرائل کورٹ مجسٹریٹ شعیب عدیل کی عدالت سے 1051کیسز کا فیصلہ ہوا ہے اور انکی کارکردگی بھی نمایاں ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے بتایا کہ ماڈل کورٹس کے علاوہ سیشن و سول کورٹس بھی بھرپور طریقے سے کیسز کے فیصلے کر رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ 2018میں جب انہوں نے بطور سیشن جج گجرات چارج سنبھالا تو ضلع گجرات میں زیر التواء کیسز کی تعداد 28ہزار تھی جو اب کم ہوکر 17ہزار رہ گئی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران زیر التواء کیسز کی تعداد 11ہزار تک رہ جائے گی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ماڈل کورٹس کیساتھ باالخصوص، ضلعی عدلیہ کیساتھ باالعموم بھرپور تعاون پر پولیس، پبلک پراسکیوشن، بار ایسویسی ایشن سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔صدر بار شمشاد اللہ ملہی ایڈووکیٹ، ممبر پنجاب بار اورنگزیب مرل ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ گجرات کی ماڈل کورٹس نے وکلا کو سننے کے بعد کیسز کے فیصلے کئے ہیں، ججز کے بہترین رویہ کے باعث ڈسٹرکٹ بار ایسویسی ایشن کو کسی بھی نوعیت کی شکایت پیدا نہیں ہوئی۔

گجرات (جی پی آئی)گجرات:ڈی پی او توصیف حیدر کی زیر قیادت پولیس کاضلع بھر میں منشیات فروشوں اور اسلحہ برداروں کے خلاف بڑا آپریشن مختلف کاروائیوں میں 8کلو گرام سے زائد چرس برآمد ۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات توصیف حیدر کی ہدایت پرضلع بھر میں پولیس نے منشیات فروشوں اور اسلحہ برداروں کے خلاف آپریشن کیا۔ جس میں ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ انسپکٹر نذیر احمد نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ مختلف کاروائیوں میں 2خواتین سمیت 5منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا ملزمان میں مہوش بی بی زوجہ سجاول 2نوشہرہ بی بی زوجہ محمد عمران3۔ سجاول ولد محمد اصغرسکنہ محلہ چو ہاناں ڈنگہ4۔ ضمیر حسین ولد محمد حسین سکنہ ڈنگہ 5۔ ندیم حسن ولد محمد اسحاق سکنہ اکرام باغ شامل ہیں ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 5کلو گرام سے زائد چرس برآمد کر کے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے۔جبکہ ایس ایچ او تھانہ دولت نگر SIخاور حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منشات فروشوں اور اسلحہ برداروں کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروش محمد عرفان ولد عبد الرشید سکنہ بوڑا پیارا کے قبضہ سے ایک کلو گرام سے زائد چرس جبکہ شعیب گلزار ولد محمد گلزار سکنہ دھمہ ملکہ2۔ نور الحسن شاہ ولد امداد شاہ کے قبضہ سے 2عدد پسٹل 30بور برآمد کر کے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے ایس ایچ لاری اڈہ SIفراز افضل نے کاروائی کرتے ہوئے منشیات فروش محمد فرمان ولد سلطان سکند ر سکنہ شیرو چک پنڈ دادنخان کے قبضہ سے 1کلو گرام سے زائد چرس جبکہ علی حسن ولد عتیق الرحمان سکنہ بوکن کے قبضہ سے پسٹل 30بور برآمد کر کے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے ایس ایچ او سٹی لالہ موسیٰ انسپکٹر اسد محمود چیمہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے منشیات فروش محمد سلیمان ولد محمد ارشد سکنہ جوڑا کے قبضہ سے 1کلو گرام سے زائد چرس برآمد کر کے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لے تفتیش کا آغاز کر کردیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)ضلع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، 16دسمبر سے 18دسمبر انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک عمر کے 4لاکھ42ہزار 301بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اور وٹامن اے کے کیپسول دیے جائیں گے، کسی وجہ سے پولیو قطروں سے محروم رہ جانیوالے بچوں کیلئے 19سے 20دسمبر تک دو روزہ فالو اپ مہم ہوگی، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر، ڈی ایچ او ڈاکٹر ذاکر علی، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزئشن کے نمائند ہ ڈاکٹر یاسرڈی او سول ڈیفنس محمد اشفاق، ڈی ڈی ایچ اوز ڈاکٹر سید غمخوار، ڈاکٹر شکیل،چیف آفیسرز، پرائیویٹ سکولز، پولیس، اوقاف ڈیپارٹمنٹ کے افسران و نمائندگان سمیت کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے لئے 1050موبائل و فکسڈ ٹیمین تشکیل دی گئی ہیں، ضلع بھر میں 33ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے مائیکرو پلان تشکیل دیدیا گیا ہے اور کم عمر بچوں کے ڈیٹا کو یونین کونسل سطح پر کمپوٹرائزڈ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں گزشتہ سال کی نسبت پولیو کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور یہ 91تک پہنچ گئی ہے، ضلع میں انسداد پولیو مہم کیلئے ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے پولیس نے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا ہے، ٹرانز پوائنٹس پر محکمہ صحت کے عملہ کیساتھ پولیس کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے واضع کیا کہ انسداد پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون ہر شہری کی ذمہ داری ہے، پولیو ٹیموں سے عدم تعاون یا پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کا کوئی آپشن نہیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی اور وہ خود روزانہ کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

گجرات (جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق سرکاری و پرائیویٹ اداروں میں خصوصی افراد کیلئے ملازمتوں کے 3فیصد کوٹہ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، سپیشل ایجوکیشن سنٹر لالہ موسیٰ کے طلبہ کو پک اینڈ ڈراپ کیلئے بس کی مرمت شروع کر دی گئی، مرمت کے بعد جلد سکول انتظامیہ کے حوالے کر دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے خصوصی افراد کے مسائل کے ازالہ کیلئے خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیر چوہدری محمد ارشد، خصوصی افراد کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ سپیشل افراد معاشرے کا نہایت اہم حصہ ہیں انکے مسائل کا ازالہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سوشل ویلفیرء ڈیپارٹمنٹ تمام کیٹگریز کے سپیشل افراد کی تعداد کا تعین کریں جس کی روشنی میں انکے فلاح و بہبود کے اقدامات کا جائز ہ لیا جاسکے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ خصوصی افراد کو مزید 130سفید چھڑیاں اور وہیل چیئرز جلد فراہم کر دی جائیں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے چلائی گئی تین روزہ خصوصی مہم کے دوران کم عمر بچوں سے مشقت لینے والے 30افراد کے خلاف مقدمات درج کرادیے گئے ہیں، ڈائریکٹر لیبر گوجرانوالہ کی زیر نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر گجرات عثمان علی، لیبر آفیسر محمد شہزاد، جعفر اقبال و دیگر نے سرگودھا روڈ، شادیوال روڈ، سروس موڑ، جی ٹی روڈ اور دیگر علاقوں میں اچانک چیکنگ کی اس دوران کم عمر بچوں سے مشقت لینے والے 28افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے جبکہ چک سادہ اور نواحی علاقوں میں بھٹہ خشت پر چیکنگ کے دوران بچوں سے مزدوری کرانیوالے 2بھٹہ خشت مالکان کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سید وقار جاوید نقوی نے صدر پریس کلب گجرات راجہ تیمور طارق کے والد محترم، روزنامہ جذبہ کے بانی و مینجنگ ایڈیٹر، سابق صدر گجرات پریس کلب، سینئر صحافی راجہ طارق محمود کی وفات پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات، پسماندگان کو صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈی آئی او سید وقار جاوید نقوی نے مرحوم راجہ طارق محمود کی ضلع گجرات کیلئے صحافتی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بلا شبہ وہ لوکل صحافت کے پیشرو، مثبت صحافت کے علمبردار تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عظمی اختر چغتائی نے صدر پریس کلب گجرات راجہ تیمور طارق کے والد محترم، روزنامہ جذبہ کے بانی و مینجنگ ایڈیٹر، سابق صدر گجرات پریس کلب، سینئر صحافی راجہ طارق محمود کی وفات پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ماڈل کورٹس کے حوالے سے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے فاضل سیشن جج گجرات نے مرحوم راجہ طارق محمود کی مغفرت، بلندی درجات، پسماندگان کو صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر محترمہ آئیونا تھامس Ms. Iona Thomas نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے عوامی رابطہ مہم کو مزید بہتر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے باہمی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں پنجاب حکومت برطانوی ادارے DFID اور دیگر ڈونر ایجنسیوں سے مل کر کام کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور اتحادی جماعتیں مل کر پاکستان کو سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہیں، پاکستان میں جمہوری نظام مضبوط ہو رہا ہے، حکومت کی پالیسیوں کے باعث انشاء اللہ جلد ہی پاکستان کا مثبت امیج سامنے آئے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔#
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہلحدیث تحصیل وزیرآباد کے انتخابات زیر صدارت ضلعی امیر قاری محمد حنیف ربانی مکمل،پانچ سالوں کے لئے مولانا حافظ عبد الرؤف تحصیل امیر،سید مدثر شاہ بخاری ناظم اورمولانا انعام اللہ ساجد ناظم مالیات منتخب۔نا ظم انتخابات کے فرائض مولانا عطاء الرحمان عامرنے سرانجام دیئے۔اس موقع پر، علامہ محمد ابراہیم محمدی،چوہدری عبد الرحمن،نجیب اللہ ملک،ملک عبد الرشید عراقی،ماسٹر فضل کریم سید وقار علی شاہ،میاں اعجازوتحصیل بھر کے اراکین شوریٰ نے شرکت کی۔سٹی صدر یوتھ فورس سید وقار علی شاہ،تحصیل صدر مولانا آصف مسعود،جنرل سیکرٹری حافظ گوھر مستجاب نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی مرکزی جمعیت اہلحدیث کے منشور پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسکی فلاح وبہبود کے لئے کام کرینگے۔

۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) حکمرانوں نے مہنگائی و گرانی کر کے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے آئے روز بجلی مہنگی کرکے عوام پر بجلی بم پھوڑے جا رہے ہیں حکمران نظام حکومت چلانے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں اور عوام آئندہ بلاول بھٹو زرداری کی طرف دیکھ رہے ہیں عمران خان نے عوام کو شدید مایوس کیا ہے اب تو پی ٹی آئی والے بھی اپنی ہی حکومتی پالیسیوں پر نہ صرف تنقید کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار سنٹرل پنجاب پی پی پی کے صدر قمر زمان کائرہ نے ضلعی رہنما ذوالفقار زبیر میر سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ستحصالی قوتوں کوشکست دینے تک جدوجہد جاری رکھیں گے پیپلزپارٹی ایک نظریہ کا نام ہے اس نظریے سے سرشار قیادت اورکارکن ظلم وناانصافیوں کے خلاف تاریخی جدوجہدکرتے ہوئے اوربے مثال قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) سیاسی وسماجی شخصیت مسلم لیگی رہنما ابراراحمد،نثار احمد،ذوالفقار احمد،محمود احمد کی والدہ مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئیں جنہیں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آبا ئی قبرستان موضع کٹھور کلاں تحصیل وزیرآباد میں سپرد خاک کردیا گیا۔نماز جنازہ میں سیاسی وسماجی شخصیات،وکلاء،تاجر برادری،صحافیوں سمیت اہل علاقہ کی کثیرتعد اد نے شرکت کی۔مرحومہ کے قل شریف کا ختم مورخہ12دسمبر بروز جمعرات صبح 9بجے جامع مسجد اعواناں محلہ سکندر پورہ وزیرآباد میں ہوگا جسمیں مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور اجماعی دعا ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)معروف کاروباری شخصیت سیٹھ سعید مرحوم کی اہلیہ،سیٹھ محمد بشیر،سیٹھ محمد صدیق کی والدہ مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئیں جن کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آبائی قبرستان نظام آباد میں سپرد خاک کردیا گیا نماز جنازہ میں سیاسی وسماجی شخصیات،تاجر برادری،وکلاء،صحافیوں سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مرحومہ کے قل شریف کا ختم مورخہ12دسمبر بروز جمعرات صبح11بجے گلی مولوی شفیع موتی بازار وزیرآباد میں ہوگا۔جسمیں مرحومہ روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور اجتماعی دعا ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) اظہار احمد چوراہی، شعیب شہباز مصطفائی،علی رضا سمراء نے سر قیصر محمود چوہان کو پرائیویٹ سکولز یونین وزیرآباد کا فنانس سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکبا دیتے ہوئے کہا کہ کوٹ عنایت خان کا اعزاز ہے کہ سر قیصر محمود چوہان اپنی اعلیٰ تعلیمی خدمات اور علم کے فروغ میں بہترین کام کرنے کے بناء پر فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ علم کے فروغ میں پہلے سے زیاد ہ محنت وجانفشانی سے کا م کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصور(جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلع میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام محکمہ جات کو ملکر کام کرنا ہوگا، پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، ضلعی حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے، والدین پولیو کے مرض کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششوں کا حصہ بنیں اور اپنا بھرپور کردار ادا کریں، شہریوں میں پولیو مہم کی آگاہی کیلئے بھرپور تشہیر کی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات نے گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر ز قصور انعم زید، پتوکی آصف علی ڈوگر، چونیاں عدنان بدر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نذیر احمد، سی ای او ایجوکیشن مسز ناہید واصف، ڈی ایس پی اشفاق کاظمی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عباد علی جتالہ، ڈی او پاپولیشن ویلفیئر نوید شوکت، جنرل سیکرٹری پی ایم اے قصور ڈاکٹر محمد خالد، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر تیمور کیانی، ڈی ایس سی ڈاکٹر حفیظ الرحمن، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر لائیق چوہدری، ڈی ڈی ایچ او قصور ڈاکٹر منصور اشرف اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران،علماء اکرام، پرائیوٹ سکول ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع قصور میں پولیو مہم16تا 20دسمبر تک منعقد ہوگی جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر 6لاکھ 85ہزار 450بچوں کو قطرے پلائے جائینگے۔ پولیو مہم کی کامیابی کیلئے 113یونین کونسلز میں 291ایریا انچارجز،1293موبائل ٹیمیں، 126فیکسڈ ٹیمیں،73ٹرانز ٹ ٹیمیں اور3262پولیو ورکرزگھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے اور اس سلسلے میں تمام پولیو سٹاف کی ٹرینگ مکمل کروا دی گئی ہے۔مزید بتایا گیا کہ 13دسمبر کو ڈی پی ایس ہال میں آگاہی سیمینار اور واک ہو گی اور ڈپٹی کمشنر بچوں کو قطرے پلا کر پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کرینگے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر عملدرآمدکو یقینی بناتے ہوئے ضلع بھر میں کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہیں رہے گا اور اس سلسلے میں تمام محکمہ جات کے افسران ملکر اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے۔ پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن ہے اور پولیو کا مکمل خاتمہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت بچوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل دینے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے لا رہی ہے اور اس سلسلے میں ہم سب کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہونا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ تحصیل لیول پر پرائیوٹ سکول مالکان، علماء اکرام، ٹرانسپورٹرز، اڈا مالکان اور معزز شہریوں کیساتھ ایک میٹنگ کر کے پولیو مہم میں اپنی نمائندگی اور تعاون کی یقین دہانی کروائیں تا کہ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں تمام پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے اور مہم کا کامیاب بنایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصور(جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے زرعی آلات کی فراہمی کے پروگرام کے تحت واٹر مینجمنٹ قصور کے زیر اہتمام گزشتہ روز ضلع کونسل ہال میں کاشتکار وں میں لیزر لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی، ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی لاہور طارق مقبول، ڈپٹی ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی قصور رانا تجمل حسین اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع بھر میں کاشتکاروں کی طرف سے دی گئیں 215درخواستوں کی قرعہ اندازی ہوئی اور پنجاب حکومت کے تحصیل وائز رقبہ کے حساب سے مقرر کردہ کوٹہ کے تحت تحصیل قصور میں 20‘تحصیل کوٹ رادھا کشن میں 7‘تحصیل چونیاں میں 19اور تحصیل پتوکی میں 14جبکہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 60کاشتکاروں کو بذریعہ قرعہ اندازی لیزر یونٹس دیئے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں پانی کو بہت اہمیت حاصل ہے۔پانی کی بڑھتی ہوئی کمی اور اسکے بے دریغ استعمال اور فی ایکٹر پیدوار بڑھانے کو مد نظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے بہتر نظام آبپاشی کی کاشتکاروں میں ترویج و ترقی کیلئے ایک جامع پروگرام کا آغاز کر رکھا ہے۔اس پروگرام کے تحت پنجاب حکومت کاشتکاروں کو کھالہ جات کی اصلاح، لیزر لینڈ لیولنگ یونٹ کی فراہمی اور ڈرپ اورسپرنکلر نظام آبپاشی کی تنصیب کیلئے مالی مدد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کسان بھائیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل کیلئے مناسب اقدامات کر رہی ہے اسی سلسلے میں زمین سے زیادہ پیدوار حاصل کرنے کیلئے پنجاب حکومت 2لاکھ 50ہزار روپے سے فی یونٹ سبسڈی کے ذریعے جدید آلات دے رہی ہے۔ان آلات کے استعمال سے کاشتکار کم محنت سے زیادہ پیدوار حاصل کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر کاشتکاروں نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی کسان دوست پالیسیوں کو سراہا اور شفاف قرعہ اندازی کے انعقاد پر محکمہ واٹر مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصور(جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں لیبر ڈیپارٹمنٹ قصور کا مختلف بھٹوں، فیکٹریوں، دوکانات کا اچانک دورہ، چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 9افراد کے خلاف مقدمات درج۔ تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات پر عملد رآمد کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر قصور غضنفر علی کی سربراہی میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے گزشتہ روز قادی ونڈ روڈ، گنڈا سنگھ روڈ، رسول پورہ،پرانا لاری اڈا، فیروز پور روڈ، مصطفی آباد، کوٹ رکن دین، بھسرپورہ اور دیگر مقامات پر بھٹوں، فیکٹریوں، دوکانات کو چیک کیا اور متعدد جگہوں پر چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی پائی گئی جس پر کاروائی کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر نے 9افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کروا دیئے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا اور ضلع میں کم سن بچوں سے مشقت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی اور ضلع میں چائلڈ لیبر کے خاتمے تک قانونی کاروائیاں جاری رہینگی۔
۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیئرمین اورناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے مودی حکومت کی طرف سے سے غیر مسلموں کو شہریت دینے کابل پارلیمنٹ سے منظور کرانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت مذہبی بنیادوں پر نفرت کے ایجنڈے کو فروغ دے کرے نفرت پھیلا رہی ہے۔ایک بار پھر ثابت ہوگیا بھارت سیکولر ریاست ہونے کا دعویٰ کرتا ہے مگر وہ ایک ہندو ریاست ہے، جہاں مسلمانوں کے لئے جگہ تنگ کی جارہی ہے۔مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ قانون سازی کے لئے اسی وزیر کو استعمال کیا گیا ہے، جس نے کشمیر کی بھارت میں جبری شمولیت کا بل پیش کیا تھا۔ نئے بل میں مسلمانوں کے علاوہ بنگلہ دیش،پاکستان اورافغانستان سے آنے والے تمام غیر مسلموں کو شہریت دینے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اس پر بھارت کے اندرشدید احتجاج جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام دشمنی اور مسلم کشی میں بھارت اور اسرائیل ایک ہیں، دونوں کی ریاستی پالیسی میں مسلمانوں سے نفرت بھری ہوئی ہے۔اسرائیل یہودی بستیاں بسانے کے لئے قانون سازی کرکے مسلمانوں کے علاقوں پر قابض ہورہاہے تو بھارت کشمیر کے قبضے کے بعد اب بھارت کے اندر رہنے والے مسلمانوں کے لئے زمین تنگ کررہا ہے۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ در اصل مودی مقبوضہ کشمیر میں ہندووں کی تعداد بڑھانے کے لئے متنازع قانون سازی کرنے کی سازش کر رہا ہے تاکہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کردیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ا س متنازع قانون سازی پر بھارت کو دنیا میں بے نقاب کرنا چاہیے اور عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے کہ کسی بھی ملک کی شہریت مذہب کی بنیاد پر،انسانیت کی بنیاد پر ہوتی ہے۔ اسلام کے بارے میں مودی کا تعصب واضح ہوگیا کہ بھارت دوسرے ممالک کے غیر مسلم شہریوں کو شہریت دینا چاہتا ہے۔مگر مسلمانوں کو نہیں۔ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ خود بھارت کے مسلمانوں سے بھی یہ سوال ہے کہ وہ دیکھیں ان کی بھارت میں حیثیت کیا ہے؟یہ سوال ان سے بھی ہے جو پاکستان کو گالیاں دیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہندو ان کو کچھ نہیں کہیں گے؟اور ان سے بھی آج بھی قیام پاکستان کو غلط تصور کرتے ہیں اور کچھ معروف مدرسے اور تنظیمیں بی ے پی اور مودی کی حمایت کر رہی ہیں۔ انہیں اس قانون سازی اور بابری مسجد کیس کے بعد قیام پاکستان کی مخالفت نہیں کرنی چاہیئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے پی آئی سی میں وکلاء اور ڈاکٹروں کی لڑائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریض پس کر رہ گئے ہیں،وکلا نے دہشتگردی کا مظاہرہ کیا ہے، ملزموں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔یہ پڑھے لکھے انسان نہیں یا جانور ہیں۔چودھری اعتزاز احسن،عابد حسن منٹو،حامد خان، لطیف کھوسہ قوم کو بتائیں۔کیا وکلا ایسے ہوتے ہیں۔ وزیر صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان پر تشدد اور پولیس گاڑیوں کو نذرآتش کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔قانون کا احترام نہ کیا گیا تو ملک میں انارکی کا راج ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی سی میں ہونے والے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔پیر اعجازہاشمی نے کہا کہ وکلاء نے ججز بحالی تحریک بھی چلائی مگر کوئی بدتمیزی کا واقعہ رونمانہیں ہوا اور نہ ہی تشدد کیا گیا۔ ہسپتالوں پر حملہ ٓاوروں نے مریضوں کی زندگیوں سے کھیلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک وکیل اور ڈاکٹر کی ذاتی لڑائی کا تشدد کی شکل اختیار کر جانا انتہائی افسوسناک اور بداخلاقی کا واقعہ ہے۔ دوافراد کے درمیان لڑائی ایسا مسئلہ نہیں تھا جو کہ حل نہ ہو سکتا تھا۔ دل کے ہسپتال میں پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے حملہ آوروکلاء کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت امن قائم نہیں رکھ سکتی تو مستعفی ہوجائے۔ملک انارکی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ اورنج ٹرین منصوبہ پاک چین دوستی کی علامت ہے سابق حکومتی عہدیدار نے صرف آدھے منصوبے کا افتتاح کیا تھا جبکہ زیر مین و دیگر حصے سڑکوں کی تعمیر،پٹری کی تعمیر نامکمل تھی موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد کثیر رقم اس منصوبہ پر خرچ کیا اور اس منصوبہ کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کیا اس کی پورے روٹ پر کامیاب آزمائش مکمل کرلی گئی ہے انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کسی شخصیت یاسیاسی جماعت کا پروجیکٹ نہیں یہ پنجاب اور چین کا مشترکہ منصوبہ ہے جو لاہور کے شہریوں کے لیے شاندار تحفہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ ونگ کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم عمران خان کے کلین گرین ویژن کے مطابق ماحول دوست ٹرانسپور ٹ ہے جس سے لاہور شہر میں آلودگی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی اور شہری کم وقت اور کم خرچ پر اس میں سفر کرکے اپنی منزل مقصود تک بروقت پہنچ سکیں گے۔میٹرواورنج لائن ٹرین منصوبے کا پہلی بار بجلی سے آزمائشی آغاز ہوا ہے اور ٹرین مقررہ وقت پر اپنی منزل تک پہنچی ہے۔

Show More

Related Articles

11 Comments

  1. After study a few of the blog posts on your website now, and I truly like your way of blogging. I bookmarked it to my bookmark website list and will be checking back soon. Pls check out my web site as well and let me know what you think.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button
Close
Close